طب نبویؐ- کلیات نعت

طب نبویؐ

وفا، دوستی، تعظیم، قربانی، اخلاص
عجز و انکساری، رواداری
ادب، لحاظ ، مہربانی
پیڑوں پر پھلوں کی طرح تو آتے ہیں
لٹکے ہوئے، پکنے تک بھلے بھی لگتے ہیں
پھر پرندوں کی غذا بن جاتے ہیں
آپ نے پرندوں میں ان اخلاق حسنہ کا جمال دیکھا تو ہو گا
نہ جانے کیوں ، یہ جنت کے ثمور ہم سے کیوں نہیںکھائے جاتے، حالانکہ صبح سے شام تک
اذان کی گونج ان سارے پھلوں سے مل کر بنتی ہے
’’اشھد ان محمد رسول اللہ‘‘ یہی تو ہے
میں نے محبوب ؐ کی جتنی حدیثیں پڑھی ہیں
انہی پھلوں کی تصویریں ہیں
عجوہ کھجور سے دل کی رگوں کے سدھے نکل جاتے ہیں
کلونجی موت کے سوا سب مرضوں کی دوا ہے
اور ساری طب نبوی
یہی
وفا، دوستی، تعظیم، قربانی، اخلاص
عجز و انکساری، رواداری
ادب، لحاظ ، مہربانی
اخلاق کی جڑی بوٹیوں پر موقوف ہے
کھائی جائیں تو کچھ نہ ہو،
پرندوں کی طرح ہوا میں اڑنے لگیں
نہ گھونسلے کی فکر نہ کل کی روٹی کے ذخیرے کا غم
حسد، غیبت، بغض ، کینہ ،جھگڑے، فساد
قتل و غارت
کچھ بھی نہ ہو
آؤ مل کر اپنے اپنے گھر میں نعت کے پیڑ لگائیں
ان پر پھل آئیں تو سارے کھائیں
آقاؐ کی محبت میں
آپؐ کی نعلین پاک کی خاک مقدس کی برکات کو سونگھیں
اندر باہر مہر و وفا کی خوشبو پھیلے
باب جبریل کی دہلیز پر سجدہ ریز ہو کر
اپنے رب کی تسبیح کریں
جن مقامات پر جبریل وحی لائے ان کو تکتے رہیں
طب نبوی ہمارے دل کی رگوں میں شفا بن کر اتر جائے

o