اسلام اُنؐ کی سمت لپکنے کی بات ہے- کلیات نعت

اسلام اُنؐ کی سمت لپکنے کی بات ہے
ایمان اُنؐ کے در سے لپٹنے کی بات ہے

کہتے ہیں جس کو عفو و کرم، بخشش و نجات
دہلیزِ مصطفیٰ سے عَلاقے کی بات ہے

یتلو کی معرفت سے مزیّن ہیں قرأتیں
لہجے کی باس دل میں اترنے کی بات ہے

جو صبحدم ہوائے مدینہ کے لب پہ تھی
وہ بات بھی حضورؐ کے لہجے کی بات ہے

جنت کی اوج آپ کو سننے کا نام ہے
فردوس ان کی یاد میں جینے کی بات ہے

نازل ہوئی جو آیۂ قبلہ، حضورؐ پر
سردارِ کائناتؐ کے مکھڑے کی بات ہے

لحنِ نبیؐ ہے چشمۂ عرفانِ ذاتِ حق
قرآن اُنؐ کا نُطق مہکنے کی بات ہے

ق

قرآنِ فجر کے جو ملائک ہیں سامعین
لحنِ نبیؐ کی جستجو کرنے کی بات ہے

سارا چمن اَدَب سے سماعت میں ہے مگن
پھولوں کی گفتگو ہے، مدینے کی بات ہے

رحمت کا اک تسلسلِ پیہم یہ کائنات
سرکارِ دوجہاں کے اشارے کی بات ہے

نعتِ نبیؐ میں زندگی کرنے کی جستجو
سیرت کا جام پی کے مچلنے کی بات ہے

سیرت دمک رہی ہے او ادنیٰ کے نور سے
نعتِ حضورؐ بھی اُسی جلوے کی بات ہے

توقیر ہے قلم کے تکلم کی چاندنی
حرفِ ثنا ادب کی، قرینے کی بات ہے

بھیگی ہوئی ہے آپؐ کی خوشبو سے ہر بہار
ہر پھول کی زباں پہ پسینے کی بات ہے

قلب و نظر میں سوزِ نہاں کی نمی عزیزؔ
اُنؐ کی رضا کے غم میں سلگنے کی بات ہے

o

*