ﷲ سے حضوری کی ہر وقت دعا مانگو- نصابِ غلامی (2019)

اﷲ سے حضوری کی ہر وقت دعا مانگو
مانگو تو مدینے کے گلشن کی ہوا مانگو

اِس ہجر کے موسم میں جلتے ہوئے انسانو!
سرکار ﷺ کے دامن سے رحمت کی گھٹا مانگو

توصیفِ محمد ﷺ کے پھولوں سے بھرو دامن
قدرت کے خزانوں سے تم رزقِ ثنا مانگو

کب زندہ مسائل کا سورج ہے کبھی ڈوبا؟
تم خاکِ مدینہ کی آقا ﷺ سے ردا مانگو

تخلیق کے دامن میں شبنم کے گریں موتی
اسلوبِ ثنا گوئی اوروں سے جدا مانگو

اللہ کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا
ہر حال میں تم اپنے مالک کی رضا مانگو
سرکارِ مدینہ ﷺ کی ہم لوگ رعایا ہیں
ہر ایک قبیلے کا اﷲ سے بھلا مانگو

اِس سمت اندھیرا ہے اُس سمت اندھیرا ہے
اُس نورِ مجسم ﷺ کے چہرے کی ضیا مانگو

جب تک ہے ریاضؔ اپنی سانسوں میں تپش باقی
آقا ﷺ کے غلاموں کا ہر وقت بھلا مانگو