آپؐ کی ذات بے مثال آپ ؐ کی بات لاجواب- تحدیث نعمت (2015)

آپؐ کی ذات بے مثال، آپؐ کی بات لا جواب
حَشر میں بھی لکھوں گا مَیں نعتِ رسولؐ کی کتاب

آپؐ ہی زینتِ حرم، آپؐ ہی رونقِ عجم
آپؐ کا اسمِ پاک ہے صدق و صفا کا ماہتاب

آپؐ ہمارے رہنما، آپؐ ہمارے پیشوا
آپؐ کے قول و فعل سے کرتے رہیں گے اکتساب

طیبہ میں جو بسر ہوئی، عمر وہ معتبر ہوئی
شہرِ نبیؐ کمال ہے میرے خدا کا انتخاب

مجھ پر کرم کی بارشیں شام و سحر حضورؐ ہوں
داغِ ضمیر اَن گِنت، میرے گنہ ہیں بے حساب

کاسہ بکف کھڑا ہوں مَیں، امن و اماں کی بھیک دیں
اتری ہوئی وطن میں ہَے صدیوں سے شامِ اضطراب

آپؐ کا نورِ گفتگو، پھیل گیا چہار سو
آپؐ نے عمر بھر کیا خوب سے خوب تر خطاب

ہَے یہی ایک التماس، ربِّ کریم سے ریاضؔ
آپؐ کی ہر حدیث ہو، میری حیات کا نصاب