صبر کی توفیق بھی میرے خدا دیتا ہے تُو- لامحدود (2017)

برادرِ عزیز اطہر حمید کا ہونہار فرزند فیض رسول 23 سال کی عمر میں 2 ستمبر 2012ء کو حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال کرگیا۔ انا ﷲ وانا الیہ راجعونo

مضطرب لمحات میں حرفِ دعا دیتا ہے تُو
رنج و غم میں آدمی کو حوصلہ دیتا ہے تُو
آنسو آنسو روز و شب میں اک سہارا ہے ترا
صبر کی توفیق بھی میرے خدا دیتا ہے تُو

تُو ہی مالک، تو ہی خالق، تو ہی ہے سب کا کفیل
فیض کا بھی حامی و ناصر ہے تُو ربِ جلیل
حوصلہ اطہر کو بھی، بچوں کو بھی میرے خدا
میری بہنا یاسمیں کو تو ہی دے صبرِ جمیل

اے لحد! آغوش کر وا، ماں کی بانہوں کی طرح
تیری مٹی میں گلِ تازہ چھپا آئے ہیں ہم
ا برِ رحمت کو صدائیں دے کہ برسے حشر تک
آنسوئوں کے طاق میں شمعیں جلا آئے ہیں ہم