تیری رحمت ہر مصیبت سے دلاتی ہے نجات- لامحدود (2017)

اے مرے اچھے خدا، حاجت روا، مشکل کشا
مَیں اندھیرے میں کھڑا ہوں تُو مجھے رستہ دکھا

میرے دامانِ طلب میں روشنی کے پھول دے
آئنوں کو شہرِ طیبہ کی چمکتی دھول دے
میرے کھیتوں پر برس جائے تری کالی گھٹا

تشنہ ہونٹوں پر ہوا، آبِ رواں لکھتی رہے
ہر جبیں پر روشنی کی داستاں لکھتی رہے
میری کشتِ آرزو میں پھول خوشیوں کے اگا

تیری رحمت ہر مصیبت سے دلاتی ہے نجات
یا خدا، ہر ہر قدم پر رہنما ہو تیری ذات
دستگیری کون کرتا ہے مری تیرے سوا

اے خدا، آسان کر دے مشکلیں میری تمام
تیری رحمت، میرے آنگن میں کرے مولا! قیام
سیدِ ساداتؐ کے صدقے میں سن میری دعا

تیری رحمت پر بھروسہ ہے مری فریاد سن!
تُو خدا ہے تُو صدائے بندۂ ناشاد سن!
بحرِ غم میں ہوں مری کشتی کو بھی ساحل دکھا

اے مرے اچھے خدا، حاجت روا، مشکل کشا
مَیں اندھیرے میں کھڑا ہوں تُو مجھے رستہ دکھا