حمد اور ثنا توبہ ، لطفِ بے بہا توبہ- کلیات نعت

حمد اور ثنا توبہ ، لطفِ بے بہا توبہ
جہدِ زندگانی کا حاصل و صلہ توبہ

وقت گرمیٔ خوں کا تند و تیز ریلا تھا
دے گیا مجھے لیکن حرفِ آشنا توبہ

لغزشوں کا پیکر تھا، لغزشوں کا پُتلا ہوں
مجھ پہ ہے ندامت کا سایۂ عطا، توبہ

ہر قدم پہ گھائل تھا مَیں کہ اب بھی گھائل ہوں
شکر ہے، میسر ہے، مرہمِ شفا، توبہ

اشکِ آرزو بھی ہے، دردِ جستجو بھی ہے
اور میری سانسوں میں گرمیٔ رضا، توبہ

اک کرم کے جھونکے نے مجھ کو حاضری بخشی
اور ان کے در پر ہوں محوِ التجا، توبہ