قافلہ اترے کبھی آقا ﷺ کے قدموں کی طرف- ورد مسلسل (2018)

قافلہ اترے کبھی آقا ﷺ کے قدموں کی طرف
پھر ملے آسودگی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

خلعتِ انوار میں ملبوس رہتی ہے سدا
رنگ و بو کی دلکشی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

آؤ آؤ، مانگنے والو، چلو طیبہ چلیں
بٹ رہی ہے روشنی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

خوشبوؤں نے کھول لی ہے میری نعتوں کی بیاض
سرخرو ہو شاعری، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

اک کلی ہاتھوں میں خوشبو کے لئے صدہا چراغ
شاخِ دل پر ہے کھلی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

نور کی برسات میں بھیگے ہوئے کوہ و دمن
ہے دھنک بھی سرمدی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف
آؤ اپنی جھولیاں بھرتے رہیں شام و سحر
ہمسفر، کیا ہے کمی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

مَیں کہ تصویرِ ادب بن کر گزاروں پھول سی
لمحہ لمحہ، زندگی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

کب تلک بنجر زمینوں میں اگائے گا سراب
لوٹ آئے آدمی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

آپ ﷺ کے قدمَین کی خیرات ہے سب، اس لئے
حشر تک خلقت رہی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

اب کھلا ہے عمر بھر کی ٹھوکریں کھانے کے بعد
خیمہ زن ہے ہر خوشی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

ہاں، مجھے معلوم ہے لکھتی ہے توصیفِ حضور ﷺ
میری آنکھوں کی نمی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

آرزو ہے وقتِ رخصت لب پہ ہو صلِّ علیٰ
سانس نکلے آخری، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف
روزِ محشر دوسرے مدحت نگاروں کی طرح
مغفرت میری ہوئی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

راستے سارے رواں ہیں جانبِ شہرِ رسول ﷺ
جا رہی ہے ہر گلی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

میری کشتِ روح پیاسی تھی ہزاروں سال سے
کیا ہوئی تشنہ لبی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

قریہ قریہ امن کی خیرات ہے بانٹی گئی
نسلِ آدم جب جھکی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

زرفشاں ہے نیلگوں آفاق سے شام و سحر
عافیت کی چاندنی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

شہرِ طیبہ میں سکونت کی کریں ہم التجا
ہو ہوا سے دوستی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

آرزو ہے، یاخدا، اب حشر تک مہکی رہے
کشتِ جاں پھولوں بھری، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف
کیا مقدّر کی بلندی ہے مری کلکِ سخن
یہ تری جلوہ گری، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

کل جہاں ہے آپ ﷺ کے قدمَین کا صدقہ، ریاضؔ
میری بگڑی بھی بنی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

سنگ یاروں نے بہت تضحیک کے پھینکے، ریاضؔ
آؤ چلتے ہیں ابھی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف

وہ صبا تھی جو پلٹ آئی مدینے سے، ریاضؔ
ہم کھڑے ہیں آج بھی، آقا ﷺ کے قدموں کی طرف