ثنا گری کا سلیقہ مجھے ودیعت ہو- ورد مسلسل (2018)

ثنا گری کا سلیقہ مجھے ودیعت ہو
لغت میں درج فقط ایک حرفِ مدحت ہو

تمام خواب مرے جھوٹ کا بدل نکلے
حضور ﷺ ، چہرۂ اقدس کی اب زیارت ہو

حضور ﷺ ، ہجر کا موسم لہو میں اترا ہے
حضور ﷺ ، حاضری کی پھر مجھے اجازت ہو

تہی عمل سے ہے دامن مرا سرِ محشر
مری نجات مری نعت کی بدولت ہو

مَیں صرف اشک ندامت کے ساتھ لایا ہوں
قبول، سیدِ عالم ﷺ ، مری ندامت ہو

ریاضؔ، آج بھی ڈوبا ہوا ہے اشکوں میں
عطا اسے بھی، نبی جی ﷺ ، ردائے رحمت ہو