روشن قلم ہے مدحتِ خیرالانام سے- ورد مسلسل (2018)

روشن قلم ہے مدحتِ خیرالانام سے
تصویر بن ادب کی بڑے اہتمام سے

بادِ صبا کے لب پہ ہیں صلِّ علیٰ کے پھول
آنکھیں جھکی ہوئی ہیں مری احترام سے

خلدِ نبی ﷺ کی سبز ہواؤں کا ہے ہجوم
منظر مہک رہا ہے درود و سلام سے

اﷲ کے بعد، ارض و سما میں افق افق
ہر سمت روشنی ہے محمد ﷺ کے نام سے

کب تک شبِ سیاہ میں لپٹی رہی سحر
میں مانگ لوں گا روشنی طیبہ کی شام سے

در چھوڑنے کا حوصلہ رکھتا نہ تھا ریاضؔ
سرزد ہوا ہے جرم یہ آقا ﷺ غلام سے