طوافِ گنبد خضرا مدام کرتی ہے- نصابِ غلامی (2019)

طوافِ گنبدِ خضرا مدام کرتی ہے
نگاہِ شوق ادب سے سلام کرتی ہے

مرے قلم کا مقدّر کہ روشنی اس کی
ہوائے شہرِ نبی ﷺ سے کلام کرتی ہے

سنو کہ خلدِ بریں بھی گلاب سب اپنے
ازل سے خلدِ مدینہ کے نام کرتی ہے

جہاں میں آپ ﷺ کی سیرت کی کہکشاں آقا ﷺ
شبِ سیاہ کا قصہ تمام کرتی ہے

سرورِ نعت میں ڈوبی ہوئی زباں میری
شعورِ نعتِ پیمبر ﷺ کو عام کرتی ہے

مَیں خوش نصیب مسافر ہوں، عشقِ احمد کی
مرے بدن میں حرارت قیام کرتی ہے
غبارِ راہِ مدینہ بنے کفن میرا
طلب حیات یہی صبح و شام کرتی ہے

ہر ایک چیز جو تخلیق کی گئی ہے ریاضؔ
مرے نبی ﷺ کا صدا احترام کرتی ہے