سرکار ﷺ کی توصیف کے اخبار لکھے ہیں- نصابِ غلامی (2019)

سرکار ﷺ کی توصیف کے اخبار لکھے ہیں
بوٹے مرے افکارِ جدیدہ کے ہرے ہیں

اخلاص پہ بنیاد ہے ہر حرفِ ادب کی
یہ سارے مضامینِ محبت ہی کھرے ہیں

ہر پھول مہکنے کا ہنر آپ ﷺ سے سیکھے
اربابِ چمن نقشِ کفِ پا سے بنے ہیں

الٹوں مَیں ورق کون سا، آقائے مکرّم
احوالِ پریشاں مرے اشکوں سے بھرے ہیں

ہم جیسے گنہ گار بھی محشر کی گھڑی میں
سرکا ﷺ کی رحمت کے سزاوار ہوئے ہیں

آقا جی ﷺ کے قدمَین مبارک کی بدولت
الفاظ کی شاخوں پہ نئے پھول کھلے ہیں

طیبہ کا مسافر ہوں، ہٹو، شب کے اندھیرو!
اشجار بھی رستے میں محبت سے ملے ہیں

ہاتھوں میں لئے پھول عقیدت کے مسلسل
قدمَین کی جانب درِ آقا ﷺ پہ پڑے ہیں

ہم نعت نگاری کے وسیلے سے بہارو!
ہر وقت مواجھے کے گلستاں میں کھِلے ہیں

دیوانے غلامی کی سند ہاتھ میں تھامے
طیبہ کے گلی کوچوں میں گم صم سے کھڑے ہیں

تخلیق کے دن اسمِ نبی ﷺ تم نے لیا تھا
ہم آج بھی۔ لب، ۔ تیرے، قلم! چوم رہے ہیں

شاداب، ریاضؔ اپنی بھی کھیتی ہے ازل سے
جنگل مرے جذباتِ محبت کے گھنے ہیں