پیغامِ انقلاب ہے ہستی رسول ﷺ کی- نصابِ غلامی (2019)

پیغامِ انقلاب ہے ہستی رسول ﷺ کی
اللہ کا انتخاب ہے ہستی رسول ﷺ کی

ہر عہد کا جواز ہیں آقائے محتشم ﷺ
ہر دور کا نصاب ہے ہستی رسول ﷺ کی

مبہم نہیں ہے نقشِ منوّر کی چاند رات
قرآں کا انتساب ہے ہستی رسول ﷺ کی

رکھتے ہیں وہ زمیں کے خزانوں کی کنجیاں
مالک سے فیض یاب ہے ہستی رسول ﷺ کی

جس کے ورق ورق پہ کھلے مغفرت کے پھول
وہ سرمدی کتاب ہے ہستی رسول ﷺ کی

ہر دائرے کا مرکزی نقطہ حضور ﷺ ہیں
انسانیت کا خواب ہے ہستی رسول ﷺ کی

میرے خدا کا اپنی ہی مخلوق پر ریاضؔ
الطافِ بے حساب ہے ہستی رسول ﷺ کی