میری لغت کے سر پہ ہمائے رسول ﷺ ہے- خلد سخن (2009)

میری لُغت کے سر پہ ہمائے رسولؐ ہے
اوراقِ جاں پہ مشکبو پائے رسولؐ ہے

رعنائیِ خیال کے آنچل پہ ہے رقم
ہر حسنِ لازوال برائے رسولؐ ہے

اُٹھے گا نعت لکھتے ہوئے روزِ حشر بھی
حاصل مرے قلم کو دعائے رسولؐ ہے

کوئی طلب دلیل کروں گا؟ نہیں نہیں
میرا خدا بس ایک خدائے رسولؐ ہے

قرآں میں ہے جو حکم درود و سلام کا
دیباچہء کتاب ثنائے رسولؐ ہے

رکھتے ہیں یاد اپنے غلاموں کو ہر گھڑی
محشر میں بھی سروں پہ ردائے رسولؐ ہے

ارض و سما خرید کے بھی مطمئن نہیں
میرا لقب ازل سے گدائے رسولؐ ہے

اتنا سمجھ سکا ہوں میں قرآنِ پاک میں
مطلوب اُس کو صرف رضائے رسولؐ ہے

آواز سن رہا ہوں میں اپنے ضمیر کی
بنیادِ ہر شعور صدائے رسولؐ ہے

تہذیب کے کھنڈر میں ہے انسان بے لباس
لیکن بدن پہ اس کے قبائے رسولؐ ہے

ہر ذرہ اُس کی حمد میں مصروف ہے، ریاضؔ
سوچو تو کائنات حرائے رسولؐ ہے