کروڑوں درود اور کروڑوں سلام- روشنی یا نبی ﷺ (2018)

سیّدی مرشدی، یانبی ﷺ یانبی ﷺ
آپ ﷺ بزمِ رسالت کی ہیں روشنی
سب پہ سایہ فگن رحمتیں آپ ﷺ کی
آپ ﷺ کا مَیں نکمّا سا ہوں امتی

آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں درود
آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں سلام

آپ ﷺ کا در ملائک کی ہے آرزو
آپ ﷺ کی ہر کسی کو رہی جستجو
جو بھی حاضر ہو حاضر ہو وہ باوضو
آپ ﷺ کی خوشبوئیں وجد میں چار سو

آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں درود
آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں سلام

یارسولِ امیں، یارسولِ خدا
آپ ﷺ مقصودِ تخلیقِ ارض و سما
آپ ﷺ کے مقتدی ہیں سبھی انبیاء
آپ ﷺ کے نقشِ پا چومتی ہے ہوا

آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں درود
آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں سلام

آپ ﷺ کا قرض ہے ساری مخلوق پر
آپ ﷺ کی نعت پڑھتے ہیں دیوار و در
میرے احوال پر بھی خدارا نظر
دے رہی ہے سلامی مری چشمِ تر

آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں درود
آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں سلام

آپ ﷺ ہی یانبی ﷺ آفتابِ حرم
ہر طرف آپ ﷺ کی عظمتوں کے علم
سر بسجدہ رہیں میرے لوح و قلم
عشق کے باب میں داستاں ہو رقم

آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں درود
آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں سلام

آپ ﷺ کا نام آئے تو کلیاں کھلیں
لب عقیدت سے ارض و سما کے ہلیں
خوشبوؤں کے کٹورے صبا کو ملیں
خود بخود چاک دامانِ غم کے سلیں

آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں درود
آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں سلام

عدل کی حکمرانی عطا آپ ﷺ کی
یہ صبا آپ ﷺ کی یہ ہوا آپ ﷺ کی
مجھ کو مطلوب آقا ﷺ رضا آپ ﷺ کی
میرا مکتب ازل سے ثنا آپ ﷺ کی

آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں درود
آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں سلام

ہر طرف آپ ﷺ کے ذکر کی محفلیں
ہر طرف جشنِ میلاد کی رونقیں
ہر طرف حرفِ مدحت کی ہیں تابشیں
پیش کرتا ہے میرا قلم دھڑکنیں

آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں درود
آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں سلام

لوگ آسودہ ہوں آسماں کے تلے
امتِ بے نوا کے بڑھیں حوصلے
نور و نکہت کے چلتے رہیں قافلے
آرزو کا دیا تا قیامت جلے

آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں درود
آپ ﷺ کی ذات پر ہوں کروڑوں سلام