چاندنی اتری ہے طیبہ کے درودیوار پر- روشنی یا نبی ﷺ (2018)

رحمتوں والے پیمبر ﷺ، عظمتوں والے رسول
خالقِ کون و مکاں کو ہے رضا جن کی قبول

جن کے دامانِ کرم کی انتہا کوئی نہیں
جن کی رفعت کے برابر سلسلہ کوئی نہیں
دوسرا ارض و سما میں آپ ﷺ سا کوئی نہیں
گلشنِ توحید ربی کے تروتازہ ہیں پھول

رحمتوں والے پیمبر ﷺ، عظمتوں والے رسول
خالقِ کون و مکاں کو ہے رضا جن کی قبول

چاندنی اتری ہے طیبہ کے در و دیوار پر
رشک کرتا ہے فلک بھی گرمیٔ بازار پر
مینہ برستا ہے عطاؤں کا درِ سرکار پر
گنبدِ خضرا پہ انوارِ خدا کا ہے نزول

رحمتوں والے پیمبر ﷺ، عظمتوں والے رسول
خالقِ کون و مکاں کو ہے رضا جن کی قبول
آپ ﷺ نے فرسودگی کا ہر مٹا ڈالا نشاں
آپ ﷺ نے کچلے ہوئے انسان کو بخشی زباں
قریۂ باطن میں دی شام و سحر آقا ﷺ، اذاں
درج ہیں لوحِ عمل پر زندگانی کے اصول

رحمتوں والے پیمبر ﷺ، عظمتوں والے رسول
خالقِ کون و مکاں کو ہے رضا جن کی قبول