اجازت یا رسول اللہ، اجازت یا رسول اللہ- روشنی یا نبی ﷺ (2018)

مدینے کی خنک آب و ہوا میں سانس لینے کی
سلامی آپ ﷺ کے در پر ادب سے آج دینے کی
اجازت یا رسول اللہ، اجازت یا رسول اللہ

چمن زارِ مدینہ کی مہکتی سی ہواؤں میں
درودِ پاک پڑھنے کی مواجھے کی فضاؤں میں
اجازت یا رسول اللہ، اجازت یا رسول اللہ

اشارا حاضری کا اس برس کوئی نہیں پایا
کوئی قاصد مدینے سے مرے گھر میں نہیں آیا
اجازت یا رسول اللہ، اجازت یا رسول اللہ

مَیں شہرِ ہجر کی بے نور گلیوں میں تڑپتا ہوں
مَیں تشنہ لب ہوں زم زم کے لیے آقا ﷺ ترستا ہوں
اجازت یا رسول اللہ، اجازت یا رسول اللہ

صبا آتی نہیں لوح و قلم کے شامیانوں میں
حروفِ نو نہیں اترے ادب کے آستانوں میں
اجازت یا رسول اللہ، اجازت یا رسول اللہ

نبی جی ﷺ، رقص کرتے آؤں گا شہرِ محبت میں
چھپا لیں گے نبی جی ﷺ آپ ﷺ مجھ کو ابرِ رحمت میں
اجازت یا رسول اللہ، اجازت یا رسول اللہ