موسم تمام خلدِ مدینہ کے نام ہوں- روشنی یا نبی ﷺ (2018)

لاکھوں درود اور کروڑوں سلام ہوں
موسم تمام خلدِ مدینہ کے نام ہوں

انسانیت کو راہ دکھائی ہے آپ ﷺ نے
تشنہ لہو کی پیاس بجھائی ہے آپ ﷺ نے
توقیر آدمی کی بڑھائی ہے آپ ﷺ نے
دیوارِ نفرتوں کی گرائی ہے آپ ﷺ نے
بزمِ جہاں، حضور ﷺ، سجائی ہے آپ ﷺ نے
حاضر، حضور ﷺ آپ ﷺ کے در پر غلام ہوں

لاکھوں درود اور کروڑوں سلام ہوں
موسم تمام خلدِ مدینہ کے نام ہوں

توحید کے چراغ جلائے ہیں آپ ﷺ نے
باطل کے نقش بڑھ کے مٹائے ہیں آپ ﷺ نے
امن و اماں کے پھول کھلائے ہیں آپ ﷺ نے
آداب زندگی کے سکھائے ہیں آپ ﷺ نے
آتش کدے تمام بجھائے ہیں آپ ﷺ نے
آنسو درِ نبی ﷺ پہ ہمارے تمام ہوں

لاکھوں درود اور کروڑوں سلام ہوں
موسم تمام خلدِ مدینہ کے نام ہوں

اللہ نے شب گذار بنایا ہے آپ ﷺ کو
نبیوں کا تاجدار بنایا ہے آپ ﷺ کو
مخلوق کا وقار بنایا ہے آپ ﷺ کو
آدم کا افتخار بنایا ہے آپ ﷺ کو
سر تا قدم بہار بنایا ہے آپ ﷺ کو
طفلانِ شہر نور کبھی ہمکلام ہوں

لاکھوں درود اور کروڑوں سلام ہوں
موسم تمام خلدِ مدینہ کے نام ہوں
انصاف و عدل سب کو دکھایا ہے آپ ﷺ نے
ماضی کی تلخیوں کو بھلایا ہے آپ ﷺ نے
اندر کی روشنی کو جگایا ہے آپ ﷺ نے
بچوں کو پھول، چاند بتایا ہے آپ ﷺ نے
مکتب کا سبز پیڑ لگایا ہے آپ ﷺ نے
انوار علم و فن کے زمانے میں عام ہوں

لاکھوں درود اور کروڑوں سلام ہوں
موسم تمام خلدِ مدینہ کے نام ہوں

اللہ کے بعد نام ہے سرکار ﷺ کا بڑا
کردار بے مثال ہے آقا ﷺ حضور ﷺ کا
ہر ہر صدی میں اُن ﷺ کے کرم کا ہے سلسلہ
حرفِ ثنا رہے لبِ شیریں پہ لب کشا
آؤ درِ نبی ﷺ پہ رہیں محوِ التجا
حامی ہمارے حشر میں خیرالانام ﷺ ہوں

لاکھوں درود اور کروڑوں سلام ہوں
موسم تمام خلدِ مدینہ کے نام ہوں

تاریخ میں رقم ہے سخاوت حضور ﷺ کی
قائم ابد تلک ہے عدالت حضور ﷺ کی
بے مثل آج بھی ہے دیانت حضور ﷺ کی
محشر کے بعد بھی ہے رسالت حضور ﷺ کی
ہر دور کے لئے ہے قیادت حضور ﷺ کی
لب پر حروفِ نعتِ نبی ﷺ صبح و شام ہوں

لاکھوں درود اور کروڑوں سلام ہوں
موسم تمام خلدِ مدینہ کے نام ہوں