خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!- روشنی یا نبی ﷺ (2018)

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
کتابِ عشقِ محمد ﷺ کا بابِ نو کھولو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
بیاضِ نعت کے اوراق پر سدا چمکو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
ادب سے بحرِ ثنائے حضور ﷺ میں اترو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
خدا سے نعتِ پیمبر ﷺ کی روشنی مانگو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
گلاب بن کے سرِ شاخِ آرزو مہکو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
فقط حضور ﷺ کی توفیق کے لیے سوچو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
قلم سے صرف پیمبر ﷺ کی نعت ہی لکھّو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
چراغِ جشنِ ولادت ہتھیلیوں پہ رکھو

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
مہ و نجوم سے آدابِ حاضری سیکھو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
بہارِ شہرِ مدینہ میں عمر بھر ٹھہرو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
عرب کی ریگِ تمنا میں آئنے ڈھونڈو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
غبارِ نقشِ کفِ پائے مصطفیٰ ﷺ میں رہو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
مرے حضور ﷺ کی گلیوں کی خاک کو چومو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
ردائے خاکِ کرم احترام سے اوڑھو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
چمن میں بوئے گلِ نور کی طرح بکھرو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
درِ حضور ﷺ پہ جا کر نہ عمر بھر لوٹو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
لبوں پہ اسمِ گرامی سجا سجا کے چلو

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
بڑے ہی عجز سے شہرِ حضور ﷺ میں نکلو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
درِ حضور ﷺ پہ تم مثلِ چشمِ تر، برسو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
درودِ پاک پڑھو، لفظ لفظ میں دھڑکو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
تمام شہرِ ہوسِ زر کا پیرہن بدلو!

خدا اگر تمہیں توفیق دے تو ہمسفرو!
ہماری بزمِ تصور کے پاس سے گذرو!