آؤ مرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف- روشنی یا نبی ﷺ (2018)


آؤ مرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف
عظمت کے آفتاب ملیں گے تمہیں ہزار
ہر شاخ پر کھلیں گے مدینے کے سرخ پھول
گھر میں رہے گا حشر تلک موسمِ بہار

آؤ مرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف،
آنگن میں سبز چاندنی اترے گی، آج بھی
نعتِ حضور ﷺ پڑھتے ہوئے ذوق و شوق سے
خوشبو ترے قریب سے گذرے گی آج بھی

آؤ مرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف،
نوکِ قلم پہ پھول سجیں گے گلاب کے
اور عافیت کی شام منائے گی رتجگا
لمحے ٹلیں گے سر سے مسلسل عذاب کے

آؤ مرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف
شاداب ساعتوں کے اتر آئیں گے ہجوم
تہذیب اپنے دامنِ صد چاک چاک میں
بڑھ کر سمیٹ لے گی ادب سے مہ و نجوم

آؤ مرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف
افلاک پر لکھے گی دھنک بھی تمہارا نام
دے گی تمہارے ہاتھ پہ بوسہ کرن کرن
ہو گی ہوائے شہرِ مدینہ بھی ہمکلام

آؤ میرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف
دامانِ آرزو میں کھلیں گے ثنا کے پھول
صلِّ علیٰ کا ورد کرے گی کلی کلی
ہونٹوں پہ رقص کرنے لگیں گے دعا کے پھول

آؤ مرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف
عزت ملے گی وادیٔ لیل و نہار میں
محشر تلک حضور ﷺ کے قدمَین کے طفیل
رکھے گا تجھ کو میرا خدا اقتدار میں
آؤ مرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف
چہرے پہ اعتماد کی آئے گی روشنی
طرزِ عمل کو نور کے، ہوں گے عطا چراغ
کاغذ کا پیرہن نہیں پہنے گا، آدمی

آؤ مرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف
پروانۂ نجات ملے گا تمہیں ضرور
ہر خوف سے رہائی ملے گی زمین پر
دیں گے ردائے مغفرت آقا ﷺ مرے حضور ﷺ

آؤ مرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف
محرومیوں کا ہو گا ازالہ قدم قدم
سورج تمہارے ساتھ چلیں گے شعور کے
قدموں کو تھام لے گا اجالا قدم قدم

آؤ مرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف
وسعت ملے گی تیرے بھی فکر و خیال میں
حرفِ درود لکھے گی ہونٹوں پہ نعتِ نو
کھوئے رہو گے حشر تک اُن ﷺ کے جمال میں

آؤ مرے حضور ﷺ کے فرمان کی طرف
تشنہ لبی کا ہو گا مداوا زمین پر
رم جھم کرم کی اترے گی آنگن میں آج بھی
چمکیں گے چاند تیری بھی روشن جبین پر