دستارِ امم ﷺ- روشنی یا نبی ﷺ (2018)

کتابِ ارتقاء کا آپ ﷺ کو نقشِ قلم لکھیئے
انہیں ﷺ حرفِ دعا کہیے، انہیں ﷺ بابِ کرم لکھیئے

لبِ اظہار پر جذبوں سے نامِ محتشم لکھیئے
شفیع المذنبیں ﷺ، خیرالوریٰ ﷺ، جانِ حرم لکھیئے

غریبوں، بے سہاروں، بے نواؤں کا بھرم لکھیئے
انہی ﷺ کے دامنِ رحمت کو دستارِ امم ﷺ لکھیئے

وقارِ قیصر و کسریٰ کو پا بوسِ قدم لکھیئے
یتیمِ آمنہؓ کہیے کہ سلطانِ عجم لکھیئے

ازل سے تا ابد حق و صداقت کا علَم لکھیئے
بہارِ زندگی کا آپ ﷺ کو جاہ و حشم لکھیئے

ریاضؔ ارض و سما بھی ہمزباں ہیں اپنے خالق کے
ریاضؔ اُن ﷺ کی ثنا کو آپ ذکرِ محترم لکھیئے