حجلۂ شب سے مجھے غم نے صدا دی ہے حضور ﷺ- تاجِ مدینہ (2017)

حجلۂ شب سے مجھے غم نے صدا دی ہے حضور ﷺ
میرے اشکوں کی بھی تصویر مٹا دی ہے حضور ﷺ

خیمۂ جاں میں اندھیروں کے سوا کچھ بھی نہیں
مشعلِ شوق ہواؤں نے بجھا دی ہے حضور ﷺ

ایک دیوار اخوّت کی گری تو کس نے
ایک دیوار سی آنگن میں بنا دی ہے حضور ﷺ

بام و در وجد میں ہیں صلِ علیٰ کہتے ہوئے
ہر روش بچوں نے امشب بھی سجا دی ہے حضور ﷺ

خوف کی دے کے ردا بچوں کے ننگے سر پر
کس نے ہر خواب کی تعبیر بتا دی ہے حضور ﷺ