نقوشِ پا فروزاں ہیں نبیؐ کے- تحدیث نعمت (2015)

نقوشِ پا فروزاں ہیں نبیؐ کے
کرم کے سلسلے ہیں سب اُنھیؐ کے

یہ باندی ہَے درِ خیرالبشرؐ کی
چلو چھو لیں قدم ہم روشنی کے

حقیقت میں ہیں کتنے خوبصورت
مناظر سب مدینے کی گلی کے

مسلسل آج آنکھوں سے رواں ہیں
حروفِ التجا ہیں یہ کسی کے

رسولِ پاکؐ کے صدقے میں یارب!
مصائب ختم ہوں اب آدمی کے

قلم کی سجدہ ریزی کے علاوہ
تقاضے اور بھی ہیں عاجزی کے

بیاضِ نعت کے اوراق الٹو
نئے اسلوب ہیں یہ شاعری کے

در و دیوار پر تحریر کب سے
حقائق ہیں ہماری بے بسی کے

نشیبِ شہر بھی سوکھا ہوا ہے
کٹورے ہیں لبوں پر تشنگی کے

قلم کی بند مٹھی میں یقیناً
عزائم ہیں ہماری سرکشی کے

ریاضؔ اپنا تشخص کھو چکا ہے
ہزاروں پھول مہکیں آگہی کے