زہد و ورع کی صبر کی جاگیر کون ہے- خلد سخن (2009)

زہد و ورع کی، صبر کی جاگیر کون ہے
انسانیت کے خواب کی تعبیر کون ہے

وہ کون ہے جو پیکرِ رحمت ہے سربسر
لطف و کرم کے نور کی زنجیر کون ہے

کس نے کیا نصاب مرتب حیات کا
مخلوقِ ہر زماں کی بھی تقدیر کون ہے

کس نے برہنہ سر کو ردائے کرم ہے دی
ہر فردِ بے نوا کی بھی توقیر کون ہے

آقا حضورؐ، آپؐ کے اصحابؓ کے سوا
باطل کے واسطے کھلی شمشیر کون ہے

ارض و سما میں نقشِ کفِ پا کی ہے بہار
حسنِ ازل کی بولتی تصویر کون ہے

اُنؐ کے سوا ریاضؔ سرِ بزمِ آرزو
امن و اماں کی دائمی تحریر کون ہے