معطر ہے میری زباں اللہ اللہ- ریاض حمد و نعت

معطر ہے میری زباں اللہ اللہ
فضائیں بھی ہیں گلفشاں اللہ اللہ

اتر آئے آنگن میں شاداب لمحے
در و بام ہیں ضوفشاں اللہ اللہ

چلی رقص کرتے ہوئے سوئے طیبہ
مناجات کی کہکشاں اللہ اللہ

محمدؐ محمدؐ محمدؐ محمدؐ
محمدؐ کراں تا کراں اللہ اللہ

نہ تھا کب زمانوں پہ رحمت کا سایہ
نہ تھے آپؐ کب مہرباں اللہ اللہ

اُنہیؐ کے کرم سے سلامت ہے اب تک
جلی شاخ پر آشیاں اللہ اللہ

اُنہیؐ کی مسلسل عنایت کے صدقے
بلندی پہ ہے گردِ جاں اللہ اللہ

تمنا ہے مدحت کی سرشاریوں میں
کٹے میری عمرِ رواں اللہ اللہ

رقم ہو گی اُنؐ کی غلامی کے دن سے
مری مختصر داستاں اللہ اللہ

دمِ مرگ ہو میرے ہونٹوں پہ جاری
ثنائے شہِ مرسلاںؐ اللہ اللہ

ریاضؔ اپنے بختِ رسا کے تصدق
گنہ گار مَیں اور کہاں؟ اللہ اللہ

*