نعتیہ اکائی: ایک نئی صنف سخن- نعت کے تخلیقی زاویے

سہ ماہی مدحت لاہور۔ مدیر: سرور حسین نقشبندی

ہمارے ہاں ایک مصرعی نظموں کی روایت پہلے سے موجود ہے۔ میں نے اس میں معمولی سی ہیتی تبدیلی کی ہے اور اس نئی صنف سخن کو ’’اکائی‘‘ کا نام دیا ہے۔ ’’اکائی‘‘ میں شامل تمام یک مصرعی نظمیں ایک ہی بحر میں ہوں گی۔ ان کی تعداد پر پابندی نہیں ہوگی۔ اسے شاعر کی صوابدید پر چھوڑ دیا جائے گا۔ اکائی میں شامل ہر ایک مصرعی نظم کا آغاز ایک یا ایک سے زیادہ الفاظ سے ہوگا۔ اس لفظ یا الفاظ کا انداز عموماً خطابیہ ہوگا۔ بہت سی یک مصرعی نظموں کو جب ایک مربوط نظم کی شکل دی جائے گی تو یقینا اس کا ایک مجموعی تاثر بھی مرتب ہوگا۔ اکائی کا مرکزی خیال حمدو نعت کے مضامین سے ابلاغ پائے گا۔ اکائی کی ایک خوبی یہ ہے کہ اسے ترنم سے بھی پڑھا جاسکتا ہے۔ ’’اکائی‘‘ کی تازگی لینا ’’ہوائے خوشگوار کا جھونکا ثابت ہوگی۔‘‘

نعت کیا ہے؟

انقلاب نو کی بنیادوں کا ذکر

نعت کیا ہے؟

آبِ مدحت کے کٹوروں کی تلاش

نعت کیا ہے؟

آیتوں کی اک صدائے بازگشت

نعت کیا ہے؟

آپؐ کے در پر قلم کی حاضری

نعت کیا ہے؟

اک تہی دامن کا سامانِ سفر

نعت کیا ہے؟

میرے اندر کے مسلماں کا حرم

نعت کیا ہے؟

ایک اللہ کی عبادت کا شعور

نعت کیا ہے؟

امتحانِ عشق کا پہلا سوال

نعت کیا ہے؟

گنبدِ خضرا کے دامن کی ہوا

نعت کیا ہے؟

تختیٔ دل پر سخن کی روشنی

نعت کیا ہے؟

سرمدی تہذیب کا حسن و جمال

نعت کیا ہے؟

وجد میں آتے ہوئے جذبوں کی چھب

نعت کیا ہے؟

آپؐ کے روضے پہ رحمت کا نزول

نعت کیا ہے؟

طاقِ ایماں میں چراغِ آگہی

نعت کیا ہے؟

وادیٔ تخلیق کی شاداب رت

نعت کیا ہے؟

قادرِ مطلق کی منشائے عظیم

نعت کیا ہے؟

آخرِ شب چشم تر کا انکسار

نعت کیا ہے؟

ساقیٔ کوثر کے اذکارِ حسیں

نعت کیا ہے؟

آبِ زم زم سے لکھی انؐ کی ثنا

نعت کیا ہے؟

آپؐ کے اوصاف کی روشن سحر

نعت کیا ہے؟

شہرِ سرکارِ دو عالمؐ کا خیال

نعت کیا ہے؟

آنسوئوں اور التجائوں کا ہجوم

نعت کیا ہے؟

جشنِ میلاد النبیؐ کا رتجگا

نعت کیا ہے؟

آفتابِ عشق کی پہلی کرن

نعت کیا ہے؟

ہر صدی میں آپؐ ہی کا اقتدار

نعت کیا ہے؟

دست بستہ چشمِ تر کی داستاں

نعت کیا ہے؟

امتِ عاصی کے زخموں کی تپش

نعت کیا ہے؟

تا ابد ان کی گلی کا احترام

نعت کیا ہے؟

دلکشی ہی دلکشی انوار کی

نعت کیا ہے؟

جملۂ جاں میں ادب کی کہکشاں

نعت کیا ہے؟

ہادیٔ اعظم کی توصیف و ثنا

نعت کیا ہے؟

خلدِ طیبہ کی ہوا سے دوستی

نعت کیا ہے؟

شہرِ دل میں گرمیٔ صلِ علیٰ

نعت کیا ہے؟

آپؐ کے در پر غلاموں کا سلام

نعت کیا ہے؟

تختِ دل پر تاجِ ارباب سخن

نعت کیا ہے؟

سیرتِ خیرالبشرؐ، خیرالوریٰ

نعت کیا ہے؟

عشقِ سلطانِ مدینہ کا نصاب

نعت کیا ہے؟

پھول ہونٹوں پر درودِ پاک کے

نعت کیا ہے؟

ہادیٔ عالم کی سانسوں کا گداز

نعت کیا ہے؟

دینِ حق کی سربلندی کا شعور

نعت کیا ہے؟

شعر میں آقا کی عظمت کا بیاں

نعت کیا ہے؟

باوضو لفظوں کے تعظیمی سجود

نعت کیا ہے؟

عافیت کا سائباں ہر دور میں

نعت کیا ہے؟

آپؐ کے اوصاف کا عکسِ جمیل

نعت کیا ہے؟

جاں نثاری کی کتابِ لب کشا

نعت کیا ہے؟

حبِ سرکارِ مدینہ کا وجود

نعت کیا ہے؟

حرفِ تازہ کی صدائے یا نبیؐ

نعت کیا ہے؟

گلفشانی کی مقدّس ساعتیں

نعت کیا ہے؟

آرزوئے سرورِ کون و مکاںؐ

نعت کیا ہے؟

جھومتے رہنا درِ سرکارؐ پر

نعت کیا ہے؟

جالیوں کے روبرو حرفِ نیاز

نعت کیا ہے؟

اتحادِ ملتِ بیضا کا نام

نعت کیا ہے؟

میرا سرمایہ مرا زادِ سفر

نعت کیا ہے؟

میری نسلوں کا ابد تک افتخار

نعت کیا ہے؟

ہم غلاموں کی غلامی کا ظہور

نعت کیا ہے؟

فضل ربی کی مسلسل بارشیں

نعت کیا ہے؟

آپؐ کے لطف و عطا کا سلسلہ

نعت کیا ہے؟

خلدِ طیبہ کی ہوا کا انتظار

نعت کیا ہے؟

امتِ ناداں کی رودادِ الم

نعت کیا ہے؟

ہر سخنور کے سخن کی آبرو

نعت کیا ہے؟

آخرت میں میری بخشش کا سبب