میٹھی میٹھی کھجوروں کی سوغات دیں- ورد مسلسل (2018)

میٹھی میٹھی کھجوروں کی سوغات دیں
ساتھ رحمت کے سرسبز باغات دیں

آپ ﷺ کے در کا ادنیٰ بھکاری ہوں مَیں
اپنے نقشِ کفِ پا کی خیرات دیں

جس زمیں نے تھے چومے قدم آپ ﷺ کے
مجھ کو طیبہ میں ایسے مقامات دیں

میری سانسوں میں جگنو درودوں کے ہیں
کیف و مستی میں ڈوبے سے لمحات دیں

جن سے پھوٹے عقیدت کی نغمہ گری
میرے لوح و قلم کو وہ جذبات دیں

اپنے ہونٹوں پہ پھیروں میں کب تک زباں
اپنی رحمت کی، سرکار ﷺ ، برسات دیں

نعت ہی میری نَسلوں کی پہچان ہو
زندگی کے سفر میں وہ حالات دیں

آج کا آدمی کسمپرسی میں ہے
آج کے آدمی کو مساوات دیں

آپ ﷺ کی ذاتِ اطہر کے بارے میں ہوں
میرے بچے مجھے وہ سوالات دیں

ایک نسبت یہی میری قائم رہے
مَیں تہی دست ہوں عشقِ سادات دیں

یا جوارِ کرم میں جگہ دیجئے
گنبدِ سبز کے یا مضافات دیں

جو رضائے الٰہی کا موجب بنیں
میرے کشکول میں وہ مفادات دیں

مَیں ریاضؔ آپ ﷺ کا نعت گو ہی رہوں
اپنی مدحت کے ارض و سماوات دیں