حضور ﷺ، میرے عدو کو بھی عافیت کا پیام- روشنی یا نبی ﷺ (2018)

مرے عدو نے
مری سرحدِ دعا پر بھی
نیا محاذ ہے کھولا بڑے وسائل سے
حضور ﷺ، میں کہ نہتا کھڑا ہوں میداں میں
بدن پر تیر برستے ہیں چار جانب سے
کمک ضرور مدینے سے بھیجئے آقا ﷺ
حصارِ حرفِ تسلّی میں مجھ کو رکھئے گا
دعا بحقِ ریاضِ ادب یہ کیجئے گا
حضور ﷺ، آپ ﷺ کے ربِ کریم کی رحمت
لکیر کھینچ دے دشمن کی ہر کمیں گہ پر
طلوع مہرِ محبت ہو آسمانوں پر
غلامِ سیدِ کون ومکاں رہے محفوظ
عدو کے سارے عزائم ہوں خاک آلودہ
حضور ﷺ، میرے مکاں پر کرم کی بارش ہو
تمام بچے ادب سے سلام کرتے ہیں
کنیزیں ہاتھ اٹھا کر کھڑی ہیں برسوں سے
ردائے عظمت و توقیر ان کے سر پر دیں
حضور ﷺ !
میرے عدو کو بھی عافیت کا پیام
حضور ﷺ !
اس کے بھی بچوں کو رشنی کا قلم
غلام کب سے کھڑا ہے حضور ﷺ چوکھٹ پر
ہوا ئے شہر مدینہ کی چوم کر آنکھیں
حضور ﷺ، آپ ﷺ کے در پر گلاب رکھتا ہے