ہمسفر تھی راستوں کے پیچ و خم کی روشنی- تاجِ مدینہ (2017)

ہمسفر تھی راستوں کے پیچ و خم کی روشنی
کس جگہ پہنچی نہیں میرے قلم کی روشنی

تُو نے کیا دیکھا نہیں چہرا مرا، آنکھیں مری
ساتھ لایا ہوں مدینے سے حرم کی روشنی

تیرے محبوبِ مکرم ﷺ کا ملے صدقہ مجھے
میرے کشکولِ دعا میں بھی کرم کی روشنی

آشیانوں سے نکل آئیں پرندے آج بھی
ہر طرف ہے آپ ﷺ کے لطف و کرم کی روشنی

یا خدا! مقروض اُن ﷺ کی میری نسلیں بھی رہیں
اِن کی قسمت میں تُو لکھ میرِ امم ﷺ کی روشنی

کیا ملے گا اہلِ مغرب کی خوشامد سے ہمیں
اُن ﷺ کے در کی جب سوالی ہے عجم کی روشنی

آج بھی میں آخرِ شب نعت لکھّوں گا، ریاضؔ
پھول بن کر کھل اٹھے گی چشمِ نم کی روشنی