امتِ مضطر کا مجھ کو نوحہ گر کس نے کیا- لامحدود (2017)
کربِ شامِ زندگی کو مختصر کس نے کیا
اپنی رحمت کو چراغِ رہگذر کس نے کیا
مکتبِ عشقِ نبیؐ میں دے کے اذنِ گفتگو
مجھ سے ناکارہ کو حرفِ معتبر کس نے کیا
ہادیٔ کونینؐ کے دربارِ پُر انوار میں
خوشبوئے گلشن کو میرا نامہ بر کس نے کیا
سیدِ ساداتؐ کے نقشِ کفِ پا کے طفیل
میرے ہر اک شعر کو رشکِ قمر کس نے کیا
خطۂ علم و ہنر میں مفلسی کے باوجود
مجھ کو اقلیمِ سخن کا تاجور کس نے کیا
اے خدا! تُو جانتا ہے کوچہ و بازار میں
ہر قدم پر نذرِ آتش قصرِ شہ کس نے کیا
کس نے دی بانگِ درا صحرا نشینوں کو، ریاضؔ
قافلے والوں کو ان کا ہمسفر کس نے کیا