ماں باپ میرے آپ ﷺ پر قربان یا نبی ﷺ- مطاف نعت (2013)
ماں باپ میرے آپ ﷺ پر قربان یا نبی ﷺ
ہیں آپ ﷺ ہی تو میرے نگہبان یا نبی ﷺ
کوئی نہیں جہاں میں مرا آپ ﷺ کے سوا
ہو جائیں ساری مشکلیں آسان یا نبی ﷺ
لاکھوں درود آپ پر لاکھوں سلام ہوں
رکھتا ہوں زادِ رہ یہی سامان یا نبی ﷺ
ناحق ہے اکلِ مال کی پھیلی ہوئی وباء
تیغِ دو دم رہے مرا ایمان یا نبی ﷺ
الحاد و شرک پھر نئی صف بندیوں میں ہیں
بے کس ہے بے نوا ہے مسلمان یا نبی ﷺ
مسکیں سے مہربان نے توڑا ہے رابطہ
ہے ورد راجعون کا فرمان یا نبی ﷺ
یہ ڈر کہ روک لیں گے درِ مصطفیٰ ﷺ سے لوگ
کرتا بہت ہے مجھ کو پریشان یا نبی ﷺ
چھوٹے نہ مجھ سے حق و صداقت کا راستہ
رہتا ہے دل میں آپ ﷺ ہی کا دھیان یا نبی ﷺ
دنیا کی منفعت سے کوئی واسطہ نہیں
راضی ہوں آپ ﷺ اور مرا رحمٰن یا نبی ﷺ
گریہ کناں ہے دامنِ قرطاس پہ قلم
مصلوب ہو گیا ہے کوئی بیان یا نبی ﷺ
بھرتا نہیں ہے جی مرا باتوں کے ڈھیر سے
کرنے کو سر ہوں معرکۂ جان یا نبی ﷺ
میں کربلا کی یاد میں رہتا ہوں ہر گھڑی
کر دوں گا جان اپنی مَیں قربان یا نبی ﷺ
مولا ﷺ ! مجھے بلا لیں اب قدمینِ پاک میں
ہے التجا وسیلۂ حساّنؓ یا نبی ﷺ
دیکھیں گے در پہ جس گھڑی نادم غلام کو
بخشیں گے حرفِ توبہ کا عرفان یا نبی ﷺ
یہ آرزو ہے ایسا کوئی خواب دیکھ لوں
رہتے ہیں کیسے آپ ﷺ کے مہمان یا نبی ﷺ
اِن موسموں کے حبس سے شکوہ نہیں کوئی
حرفِ ثنا ہے آپ ﷺ کا احسان یا نبی ﷺ
آتی ہے اس سے جنت الفردوس کی ہوا
دائم رہے یہ نعت کا میلان یا نبی ﷺ
ترمیمِ حرف ہو نہیں سکتی عزیزؔ سے
کلمے کا شہد پیتا ہوں ہر آن یا نبی ﷺ