خدا کے بعد محمد ﷺ ہیں یہ ہوا ثابت- ورد مسلسل (2018)
خدا کے بعد محمد ﷺ ہیں یہ ہوا ثابت
اسی لئے مرے آقا ﷺ ہیں مرکزِ مدحت
حضور ﷺ ، اپنے مقدّر پہ کیوں نہ ناز کروں
کہاں میں اور کہاں آپ ﷺ کا درِ رحمت
ظہورِ عظمتِ خیر البشر ﷺ کا چرچا ہو
بروزِ حشر بھی آئینوں میں ہو حیرت
دعا ہے میری، خدا سے کہ بعدِ محشر بھی
مجھے نبی ﷺ کی ثنا سے نہ مل سکے فرصت
گلی محلے میں بھی اجنبی سا لگتا تھا
انہی ﷺ کی نعتِ مبارک سے ہے ملی شہرت
دیارِ نور مکرر میں دیکھ آیا ہوں
لگاؤ مصر کے بازار میں مری قیمت
عجیب بات بنایا نہ ہو انہیں مختار
خدا نے اپنے خزانوں کی دی انہیں ﷺ دولت
نہ جس کے ہاتھ میں نعتِ نبی ﷺ کا پرچم ہو
مری زمیں پہ وہ اتری نہیں کبھی ساعت
ریاضِ جنۃ میں سجدے گذارے ہیں میں نے
درِ حضور ﷺ پہ جا کر ہی دیکھ لی جنت
ثنائے مرسلِ آخر ﷺ میں کب تھکا ہے، ریاضؔ
قلم کے روپ میں اﷲ نے دی ہے کیا نعمت