ترے محبوبؐ کا شاعر تری چوکھٹ پہ آیا ہے- لامحدود (2017)

غلافِ کعبۂ اقدس کو آنکھوں سے لگایا ہے
جبینِ شوق میں کتنے ہی سجدوں کو بسایا ہے

مدثر کو نئے دن کی بشارت ہو خدا میرے
چراغ اس نے بھی طیبہ کی ہوائوں سے جلایا ہے

تری رحمت بہانے ڈھونڈتی رہتی ہے رحمت کے
خدائے مصطفی! دامن ترے در پر بچھایا ہے

ہوائوں نے بہت سے زخم پیشانی پہ لکھّے ہیں
بہت سے اشک آنکھوں میں چھپا کر ساتھ لایا ہے

مرادوں سے مری جھولی کو بھر دے اے خدا! میرے
ترے محبوبؐ کا شاعر تری چوکھٹ پہ آیا ہے