آپؐ کے چہرۂ اقدس کی تلاوت ہوگی- کائنات محو درود ہے (2017)

آپؐ کے چہرۂ اقدس کی تلاوت ہوگی
اُنؐ کے پروانے کو حاصل یہ سعادت ہوگی

عافیت دونوں جہانوں میں ملے گی اُس کو
جس کو سرکارِ دو عالمؐ سے محبت ہوگی

جس کے ہونٹوں پہ درودوں کی دھنک اتری ہے
اُس کو سلطانِ مدینہ کی زیارت ہوگی

جس میں ہے لپٹی ہوئی میرے قلم کی دنیا
ہمسفر میری قیامت میں وہ نکہت ہوگی

ڈھونڈتا رہتا ہوں ہر وقت وسیلہ اُنؐ کا
میری بخشش مرے آقاؐ کی بدولت ہوگی

برف زاروں کے شب و روز کی شریانوں میں
عشقِ خورشیدِ پیمبرؐ کی حرارت ہوگی

راستہ سیدھا دکھائے گی جو صحرا میں ہمیں
قائدِ اوّل و آخرؐ کی قیادت ہوگی

اُنؐ کے دربار سے جاری ہو غلامی کی سند
شہرِ مدحت میں بڑی میری مدارت ہوگی

ایک پچھتاوا مری فردِ عمل میں ہوگا
حشر کے روز مجھے کتنی ندامت ہوگی

گوشۂ حرفِ ثنا خلدِ بریں میں ہوگا
بعدِ محشر بھی ریاضؔ آپؐ کی مدحت ہوگی