حرفِ آخر ہے کتابِ نورونکہت آپؐ کی- کائنات محو درود ہے (2017)

حرف آخر ہے کتابِ نور و نکہت آپؐ کی
تا ابد زندہ سلامت ہے شریعت آپؐ کی

رتجگوں کی روشنی رہتی ہے لفظوں پر محیط
صبحدم کرتا ہوں قرآں میں تلاوت آپؐ کی

آپؐ میرِ کارواں ہیں سیّدیؐ یا مرشدیؐ
ہے مسلّم ہر زمانے میں قیادت آپؐ کی

ہر گلی میں جھوٹ نے مسند بچھائی ہے حضورؐ
نسلِ آدم کو یقینا ہے ضرورت آپؐ کی

کیا دکھاوے کے یہ سجدے کیا دکھاوے کا قیام
میری بخشش کے لئے کافی ہے الفت آپؐ کی

حشر میں ا برِ شفاعت نے قلم کو چوم کر
نامۂ اعمال میں لکھ دی ہے نسبت آپؐ کی

جاگتے لمحوں کی بھی سنتا نہیں کوئی پکار
نیند سے بیدار ہو سرکارؐ امت آپؐ کی

آپؐ کا چہرہ مبارک مرکزِ انوار ہے
قابلِ تقلید ہے تو صرف سیرت آپؐ کی

میں ریاضِؔ لب کشا ادنیٰ سا شاعر آپؐ کا
میری دولت، میرا سرمایہ ہے مدحت آپؐ کی