میرے سجدوں کے نشاں ہوں لفظ کی تصویر میں- ریاض حمد و نعت

شہرِ طیبہ رکھ مرے ہر خواب کی تعبیر میں
نیند میری ہو خدایا! حلقۂ توقیر میں

ہر اندھیرے سے مجھے محفوظ رکھ میرے خدا!
روشنی ہی روشنی لکھ دے مری تقدیر میں

حُبِّ ختم المرسلیںؐ کی خوشبوئوں کا ہو نزول
مدحتِ خیرالبشرؐ مہکے مری تحریر میں

دے شعورِ بندگی مجھ کو خدائے آسماں!
میرے سجدوں کے نشاں ہوں لفظ کی تصویر میں

مَیں فقیہِ شہر سے ہوں مختلف میرے خدا
فصلِ نعتِ مصطفیٰؐ اگتی رہے جاگیر میں

دامنِ حمد و ثنا میں تا ابد زندہ رہوں
منفرد ہر شعر ہو یارب! مرا تاثیر میں