نعتِ نبیؐ کے جھومتے اشعار ڈھونڈنا- ریاض حمد و نعت

نعتِ نبیؐ کے جھومتے اشعار ڈھونڈنا
شہرِ ادب میں گرمیٔ بازار ڈھونڈنا

صد حیف، اُنؐ کے سایۂ رحمت کے باوجود
طیبہ میں جا کے سایۂ دیوار ڈھونڈنا

طائر مرے خیال کا جائے گا بھی کہاں
روضے کے پاس نور کے اشجار ڈھونڈنا

محشر کے روز بادِ صبا سے، حضورؐ کی
رحمت کہے گی کوئی طلب گار ڈھونڈنا

چوموں گا بار بار میں آقاؐ کے نام کو
جس میں چھپی ہے نعت وہ اخبار ڈھونڈنا

اب کے برس بھی سوکھی زباں نے یہی کہا
دستِ عطائے احمدِ مختار ڈھونڈنا
اللہ کے انتخاب کی توہین ہے ریاضؔ
دنیا میں کوئی آپؐ سا کردار ڈھونڈنا

ثلاثی

مرے وطن کی ہوأوں کو عافیت کی نوید
مرے وطن کی ہوائیں برہنہ سر ہیں، حضورؐ
مرے وطن کی ہوائوں کے سر پہ چادر دیں

*

بکھر رہا ہوں ہوائوں کے ہاتھ میں آقاؐ
گرفتِ شام میں کب سے مری اکائی ہے
حضورؐ، چشم کرم کا مَیں اک سوالی ہوں

*