سلکِ محبت- نعت کے تخلیقی زاویے

افتخار احمد خالدکا انتخابِ نعت

سخنِ اوّل

ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر بیت بازی کے مقابلے سن اور دیکھ کر اکثر یہ تمنا دل میں مچلنے لگتی ہے کہ اگر اربابِ بست و کشاد، حمدیہ اور نعتیہ اشعار پر مبنی بیت بازی کے مقابلوں کا بھی اہتمام کیا کریں تو کیا ہی اچھا ہو، یہ میرے لڑکپن کا زمانہ تھا۔ اُن دنوں ادبی رسائل میں حمد و نعت کی اشاعت کا رواج نہ ہونے کے برابر تھا۔ کبھی کبھار حمد و نعت کو تبرکاً شریکِ اشاعت کرلیا جاتا لیکن ادب کو اپنی جاگیر سمجھنے والے قد آور بونے نعت کو ایک الگ صنفِ سخن ماننے کے لیے تیار نہ تھے۔ ایسے میں نعتیہ اشعار کے حوالے سے بیت بازی کے مقابلوں کا سوال کون اٹھاتا؟ ڈاکٹر ظہور احمد اظہر، ڈاکٹر محمد اسحاق قریشی، احمد ندیم قاسمی، حفیظ تائب، عبدالعزیز خالد، ڈاکٹر ابولخیر کشفی، بشیر حسین ناظم، مظفر وارثی، حافظ مظہرالدین، حافظ لدھیانوی، ڈاکٹر عاصی کرنالی، ڈاکٹر عزیز احسن، محمد جاوید اقبال، ڈاکٹر ریاض مجید اور دیگر اکابرین نعت، نعت کو الگ صنفِ سخن کے طور پر منوانے کی جدوجہد میں مصروف تھے، بعد میں ڈاکٹر خورشید رضوی، سید صبیح رحمانی، تسلیم احمد صابری، محمد اکرم رضا، اویس رضا قادری، ڈاکٹر تحسین فراقی، راجا رشید محمود، سید آفتاب احمد نقوی اور سرور حسین نقشبندی نے اس ضمن میں اجتہادی کارنامے سرانجام دیئے۔

گذشتہ روز منتخب نعتیہ اشعار کا مسودہ ’’سلکِ محبت‘‘ دیکھا تو آنکھوں میں روشنی بھر گئی اور اپنی دیرینہ خواہش دائرہ عمل میں داخل ہوتی دکھائی دی۔ ’’سلکِ محبت‘‘ کے مرتب افتخار احمد خالد مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے شعرائے نعت کے ان گنت لہجوں کو ’’سلکِ محبت‘‘ میں پرو کر قرطاس و قلم کے سپرد کیا ہے۔ ہر نعت نگار کا اسلوبِ ثنا منفرد اور دلکش ہے۔ نعت روحانی رتجگوں کے لب کشا موسموں کا نام ہے۔ شعروں کے انتخاب کا انحصار مرتب کی پسند پر ہے۔ ’’سلکِ محبت‘‘ بھی افتخار احمد خالد کے ذوقِ شعر کی مظہر ہے۔ یہ ذوقِ شعر محبت رسول سے ابلاغ پاتا ہے۔ اور نعتیہ بیت بازی کے مقابلوں کی جملہ ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ خوب سے خوب تر کی تلاش کا سفر جاری ہے۔ اشعار کے انتخاب کا دائرہ اردو ادب کے تمام ادوار پر محیط ہونا چاہیے۔ معیاری اشعار کا انتخاب بذاتِ خود ایک تخلیقی عمل ہے۔ کتاب کے مرتب اس تخلیقی عمل سے سرخرو ہوکر نکلے ہیں۔ اب بجا طور پر ان سے حمدیہ اشعار کے انتخاب کی توقع کی جاسکتی ہے۔

ریاض حسین چودھری
شہرِ اقبال، 10 جولائی 2013ء