بے قراری میں تڑپنا دل کو کٹتے دیکھنا- مطاف نعت (2013)

بے قراری میں تڑپنا دل کو کٹتے دیکھنا
درد پینا ہے کسی عاشق کے آنسو پونچھنا

اس کے آنسو پونچھ سکتی ہے مدینے کی ہوا
یا وہ یادیں جن کو وہ خود آپ چاہے سوچنا

اس کی سوچیں ماہِ عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی چاندنی
دل چکور اپنا بنا کر چاندنی میں تیرنا

دل کے تاروں سے چھڑی ہے بزمِ نعتِ مصطفیٰ ﷺ
اور ملائک کا وہاں پر نعت سن کر جھومنا

نعت شانِ مصطفیٰ ﷺ کے حسن کا ادراک ہے
نعت ہے ان ﷺ کے درِ اقدس کو جا کر چومنا
ان ﷺ کے در کو چومتے ہیں روز و شب عالم تمام
سب گنہ گاروں کو ہے ان ﷺ کی شفاعت ڈھونڈنا

یا رسول ﷺ اللہ دمِ آخر عطا فرمائیے
سوئے محشر جاتے جاتے اپنے در پر بیٹھنا

روزِ محشر جانگسل ہے، دھوپ ہے سایہ نہیں
نعت کا یہ سائباں یا رب وہاں بھی بخشنا

کس طرح جاؤں عزیزؔ اور پھر کبھی واپس نہ آؤں
اور مدینے کی ہر اک ساعت کو گھنٹوں سوچنا