شانِ مدحت نگارِ رسول ﷺ- مطاف نعت (2013)

شائد ہمیں بتا سکیں کچھ
جبرئیل ؑ ہی
کیا شان ہے
حضور ﷺ کے مدحت نگار کی!
عرشِ بریں سے
آتی رہی
مدحتِ رسول ﷺ
احمد کہے
یا ان کو
محمدکہے
خدا
طٰہٰ کہے یا
رحمت للعٰلمیں کہے
یٰسین، مزمل اورمدثر کہے انہیں
یا انت فی پکارے ، انہیں والضحیٰ کہے
کچھ کم نہیں ہے حامد و محمود کا بیاں
بو لہب پہ
خدا جو غضب ناک ہو گیا
تبت یدا کا
اس کے لئے
حکم آ گیا
کیا شان ہے حضور کے مدحت نگار کی
شائد ہمیں بتا سکیں کچھ
جبرئیل ؑ ہی !
مدحت نگار جو بھی ہے
روزِ ازل سے ہے
ربِّ جلیل نعت کا پروردگار ہے
حرفِ ثناء کو جب وہ بخشتا ہے وسعتیں
کرتا ہے پرورش کسی مدحت نگار کی
رکھتا ہے اس کے ہاتھ میں
کلکِ ثناء وہی
تخلیقِ نعت تحفۂ لوح و قلم بھی ہے
لا ریب
یہ تو اوجِ مقدر کی بات ہے
فضل خدا کہیں یا عطائے نبی ﷺ کہیں
یہ انتظام رفعتِ ذکرِ نبی ﷺ کا ہے!
کیا شان ہے حضور ﷺ کے مدحت نگار کی
شائد ہمیں بتا سکیں کچھ
جبرئیل ؑ ہی !