اب تجھے کیا ہوا! مَیں بتاؤں کیسا پیارا ہے نامِ محمد ﷺ- ورد مسلسل (2018)

اب تجھے کیا ہوا! مَیں بتاؤں کیسا پیارا ہے نامِ محمد ﷺ
میرے ہونٹوں پہ کلیوں سے پوچھو، کتنا میٹھا ہے نامِ محمد ﷺ

آج بھی گرم لَو کے تھپیڑے خیر مقدم کو آئے ہوئے ہیں
تشنگی بڑھ گئی جب بھی حد سے، لب پہ برسا ہے نامِ محمد ﷺ

ہمسفر مجھ سے یہ تو نہ پوچھیں، رات گذری ہے کس کی گلی میں
صرف اتنا بتا دوں کہ شب بھر خوب چوما ہے نامِ محمد ﷺ

عالمِ رقص کی بات کیا ہے، عالمِ وجد کی بات کیا ہے
نام جب بھی لکھا ہے کسی کا، مَیں نے لکھّا ہے نامِ محمد ﷺ

میرے کھیتوں کی ہریالیوں کو کیا چرائے گا دشمن کا لشکر
ایک چشمہ ہے آبِ خنک کا، ایک دریا ہے نامِ محمد ﷺ

چاند میلاد کی شب کا اپنے بخت پر ناز کیوں نہ کرے گا
دستِ قدرت سے لکھا فلک پر، مَیں نے دیکھا ہے نامِ محمد ﷺ

مَیں ریاضؔ آج بھی پانیوں میں گھِر گیا ہوں تو خطرہ نہیں ہے
میری کشتی کنارے لگے گی، اس پہ کندہ ہے نامِ محمد ﷺ