ذکرِ جمیل: اللہ کے پاک نام سے مَیں ابتدا کروں- ورد مسلسل (2018)

اﷲ کے پاک نام سے مَیں ابتدا کروں
حمدِ خدا کے بعد نبی ﷺ کی ثنا کروں

جی چاہتا ہے لوح و قلم بن کے رات دن
سردارِ کائنات کی مدحت کیا کروں

شمس و قمر کو ملتی ہے خیرات جس جگہ
مَیں بے چراغ بھی اُسی در پر صدا کروں

ہر قافلے کو دوں گا سلامی مَیں حشر تک
طیبہ کی رہگذار سے عہدِ وفا کروں

توقیر بخش دوں میں غزل کے جہان کو
شہرِ سخن کو شہرِ نبی ﷺ پر فدا کروں

اس نام سے دھنک بھی اٹھاتی ہے سات رنگ
لفظوں کو رنگ و نور کی چادر عطا کروں

میرا سلام آپ ﷺ سے کہنا بصد نیاز
مہکی ہوئی ہوا سے یہی التجا کروں

جو کچھ بھی ہے حضور ﷺ کے صدقے میں ہے، ریاضؔ
پھر کیوں نہ اُن ﷺ کا واسطہ دے کر دعا کروں