کرم کے موسم خوش رنگ ہیں اسم گرامی میں- نصابِ غلامی (2019)

کرم کے موسمِ خوش رنگ ہیں اسمِ گرامی میں
ستارے زرفشاں ہیں آپ ﷺ کی خیر الانامی میں

درِ سرکار پر میں گفتگو کرتا ہوں اشکوں سے
غلامی کے ہزاروں رنگ ہیں میری غلامی میں

رعایا آپ ﷺ کی ہوں آپ ﷺ کی چوکھٹ پہ رہتا ہوں
مجھے شامل رکھیں آقا ﷺ مدینے کے مقامی میں

مدینے کے نقوشِ سبز رکھتے ہیں کتابوں میں
بہت سے اشک بھی شامل ہیں بچوں کے سلامی میں

سنا کر روضۂ اطہر پہ میری نعت آئی ہے
زمانہ ہو گیا شامل صبا سے ہمکلامی میں

مجھے کامل یقیں ہے آپ ﷺ کے انوار و رحمت سے
کہوں گا نعت مَیں بھی ایک دن اسلوبِ جامی میں
مری ہر نسل کی آنگن میں مہکیں گی ہری کلیاں
بہت سے پھول خوشبودار ہیں دستِ پیامی میں