روشن مثال آپ ﷺ کی ام الکتاب ہے- نصابِ غلامی (2019)

روشن مثال آپ ﷺ کی ام الکتاب ہے
عشقِ حضور ﷺ لوح و قلم کا نصاب ہے

بعد از خدا، خدا کی خدائی میں ہم نشیں
سب سے عظیم ذاتِ رسالت مآب ﷺ ہے

مَیں کیوں کسی سے چادرِ اطلس طلب کروں
سر پر ازل سے شہرِ کرم کا سحاب ہے

ہر حرفِ آرزو میں ہے گلشن کھلا ہوا
ہر لفظ میری نعت کا رشکِ گلاب ہے

آقا ﷺ ، مجھے نصیب حضوری کا رتجگا
ارض و سما کا حسن مرے ہمرکاب ہے

پرچم شفاعتوں کے کھلیں گے یہیں کہیں
مرکز یقیں کا، مسندِ عالی جناب ہے

محدود کب ہے رحمت و بخشش حضور ﷺ کی
اُن ﷺ کے کرم کی حد ہے نہ کوئی حساب ہے

جھوٹے خداؤں کا ہے تسلّط زمین پر
آدم کی نسل آج بھی زیرِ عتاب ہے

امت ہے انحراف کی راہِ فرار میں
امت کے سر پہ زر کی ہوس کا عذاب ہے

یہ جو ہجوم چاند ستاروں کا ہے ریاضؔ
نقشِ قدومِ پاک کی سب آب و تاب ہے