میرے ہر لفظ میں جلتے رہیں آنسو پیہم- نصابِ غلامی (2019)

میرے ہر لفظ میں جلتے رہیں آنسو پیہم
چشمِ تر لکھتی رہے اُن ﷺ کی ثنا کے کالم

کل بھی تھا اُن ﷺ کی غلامی ہی کا موسم ہر سو
دست بستہ ہیں کھڑے آج بھی دونوں عالَم

فہم و ادراک کی دولت سے نوازا سب کو
کوئی نکتہ نہ رہا فکرِ نبی ﷺ کا مبہم

کس نے رحمت کے دریچوں کو کھلا رکھا ہے
کس نے انسان کے زخموں پہ رکھا ہے مرہم

کس نے ہر دور کو اک زندہ تمدّن بخشا
عدل و انصاف کا لہرایا ہے کس نے پرچم

آپ ﷺ کی ذاتِ گرامی کا سہارا ہے حضور ﷺ
آج بھی گیسوئے ہستی ہیں اگرچہ برہم

ایک ہی چہرہ مدوّن ہے صحیفوں میں ریاضؔ
ایک ہی نام سے روشن ہے ضمیرِ آدم