عفو و رحمت کی ہتھکڑی- روشنی یا نبی ﷺ (2018)

پھر مدینے کی ٹھنڈی ہوا چل پڑی
دل کی دنیا مری کیا سے کیا ہو گئی

آپ ﷺ نے پھر طلب مجھ کو فرما لیا
اپنا مہمان عاصی کو ٹھہرا لیا
اپنے قدموں میں مجرم کو بلوا لیا
عفو و رحمت کی مجھ کو لگے ہتھکڑی

پھر مدینے کی ٹھنڈی ہوا چل پڑی

میرے بچے بھی خوشیاں منانے لگے
آرزو کے گھروندے بنانے لگے
بام و در کو ابھی سے سجانے لگے
ان کے ہاتھوں میں مشعل ادب کی جلی

پھر مدینے کی ٹھنڈی ہوا چل پڑی

روشنی کب سے ہے آسماں کے تلے
شب دیے مدحتِ مصطفیٰ ﷺ کے جلے
ایک دیوانہ زنجیر لے کر چلے
ہر طرف ہیں کھڑی رحمتیں آپ ﷺ کی

پھر مدینے کی ٹھنڈی ہوا چل پڑی

کشتیاں لے گیا، بادباں لے گیا
دیکھتے دیکھتے قلب و جاں لے گیا
چشمِ تر کو تصور کہاں لے گیا
پیش منظر میں سرکار ﷺ کی ہے گلی

پھر مدینے کی ٹھنڈی ہوا چل پڑی
دل کی دنیا مری کیا سے کیا ہو گئی