مری لوحِ دعا کے ہاتھ پر لاکھوں قلم اترے- روشنی یا نبی ﷺ (2018)

مرے آقا ﷺ نقوشِ پاک کی اترن عطا کرنا
مرا دل بھی مدینہ ہے، مرے دل میں رہا کرنا

درودوں کے بنائے ہیں مرے بچوں نے بھی گجرے
کھُلے ہیں خوشبوؤں کے دیس میں جنت کے دروازے
مری لوحِ دعا کے ہاتھ پر لاکھوں قلم اترے
مدینے کے سفر کی آج بھی مل کر دعا کرنا

مرے آقا ﷺ نقوشِ پاک کی اترن عطا کرنا
مرا دل بھی مدینہ ہے، مرے دل میں رہا کرنا

تجلی کے مناظر دیکھتا رہتا ہوں لفظوں میں
عقیدت کی چمک میں دیکھتا رہتا ہوں چہروں میں
میں آنسو بانٹتا رہتا ہوں آقا ﷺ کے غلاموں میں
صبا سرکار ﷺ کی چوکھٹ پہ مجھ سے بھی ملا کرنا

مرے آقا ﷺ نقوشِ پاک کی اترن عطا کرنا
مرا دل بھی مدینہ ہے، مرے دل میں رہا کرنا

مجھے پھر میرے آقا ﷺ نے طلب طیبہ میں فرمایا
حضوری کا لئے پیغام قاصد آپ ﷺ کا آیا
مدینے کی ہواؤں کی مبارک باد بھی لایا
مواجھے کی فضاؤں میں صبا نعتیں پڑھا کرنا

مرے آقا ﷺ نقوشِ پاک کی اترن عطا کرنا
مرا دل بھی مدینہ ہے، مرے دل میں رہا کرنا