یارسول اللہ ﷺ، کرم- روشنی یا نبی ﷺ (2018)

یانبی جی ﷺ آپ ﷺ کی
ہر طرف ہے روشنی
سامنے ہے آج بھی
آپ ﷺ کی دلکش گلی
آپ ﷺ انوارِ حرم
یارسول اللہ ﷺ کرم
یاحبیب اللہ ﷺ کرم

تابِ گویائی نہیں
مَیں کہاں، میری جبیں
رونقِ عرشِ بریں
زینتِ فرشِ زمیں
آپ ﷺ کے نقشِ قدم
یارسول اللہ ﷺ کرم
یاحبیب اللہ ﷺ کرم

لب پہ ہو صلِّ علیٰ
چشمِ تر لکھے ثنا
جھوم کے اٹھے گھٹا
رقص میں آئے صبا
آپ ﷺ ہیں میرِ امم ﷺ
یارسول اللہ ﷺ کرم
یاحبیب اللہ ﷺ کرم

آپ ﷺ ہیں محبوبِ رب
آپ ﷺ ہیں اُمّی لقب
آپ ﷺ ہیں اعلیٰ نسب
آپ ﷺ ہیں ماہِ عرب
آپ ﷺ کے لوح و قلم
یارسول اللہ ﷺ کرم
یاحبیب اللہ ﷺ کرم

آپ ﷺ انوارِ مبیں
ثروتِ اہلِ یقیں
آپ ﷺ ختم المرسلیں
اور شفیع المذنبیں
سر پہ ہے شامِ الم
یارسول اللہ ﷺ، کرم
یاحبیب اللہ ﷺ کرم

روز مر مر کر جئیں
روز جی جی کر مریں
آندھیاں غم کی چلیں
کس سے حالِ دل کہیں
مضطرب ہیں آج ہم
یارسول اللہ ﷺ کرم
یاحبیب اللہ ﷺ کرم