دمِ پرسش- روشنی یا نبی ﷺ (2018)

جب دمِ پرسش لحد میں آؤ گے منکر نکیر!
ہم تمہارے ہاتھ پر رکھیں گے اک ایسی کتاب
جس میں توصیفِ نبی ﷺ کی تتلیوں کے ہوں گے پر
جس میں ہو گا مدحتِ سرکار ﷺ کا روشن نصاب

جب دمِ پرسش لحد میں آؤ گے منکر نکیر!
ہم تمہارے ہاتھ پر رکھیں گے اک ایسی کتاب
جس میں ہو گا گنبدِ خضرا کا ہر عکسِ جمیل
جس میں ہو گا ہم غلاموں کی غلامی کا حساب

جب دمِ پرسش لحد میں آؤ گے منکر نکیر!
ہم تمہارے ہاتھ پر رکھیں گے اک ایسی کتاب
جس میں ہو گی عیدِ میلاد النبی ﷺ کی روشنی
جس میں ہوں گے خاکِ طیبہ کے ہزاروں آفتاب

جب دمِ پرسش لحد میں آؤ گے منکر نکیر!
ہم تمہارے ہاتھ پر رکھیں گے اک ایسی کتاب
جس کے ہر اک لفظ میں ہو گی درودوں کی بہار
جس میں ہو گا چشمِ تر کے آنسوؤں کا انتخاب

جب دمِ پرسش لحد میں آؤ گے منکر نکیر!
ہم تمہارے ہاتھ پر رکھیں گے اک ایسی کتاب
جس میں ہوں گے مدحتِ سرکارِ دو عالم کے پھول
جس میں ہوں گے سب ہماری التجاؤں کے گلاب

جب دمِ پرسش لحد میں آؤ گے منکر نکیر!
ہم تمہارے ہاتھ پر رکھیں گے اک ایسی کتاب
جس میں ہوں گے درج اربابِ محبت کے سلام
جس میں ہوں گے عشق والوں کے سوالوں کے جواب