آقائےؐ مدینہ ہی لجپال ہمارے ہیں- تحدیث نعمت (2015)

آقائے مدینہ ہی لجپال ہمارے ہیں
سرکارؐ کے منگتوں میں سب چاند ستارے ہیں

توصیف کی رم جھم ہیں آیاتِ خداوندی
مدحت کی لئے ٹھنڈک قرآن کے پارے ہیں

کل شب مرے آنگن میں طیبہ کی ہوا اتری
ساون کی گھٹائیں ہیں، رحمت کے اشارے ہیں

کیا تجھ کو بتاؤں مَیں احوالِ درِ آقاؐ
کیا خوب مدینہ ہَے کیا خوب نظارے ہیں

گلزارِ مدینہ میں خوشبو نے خبر دی ہَے
جگنو یہ تمہارے ہیں، یہ پھول تمہارے ہیں

بپھری ہوئی یہ موجیں ہاتھوں میں اٹھا لیں گی
نکلے تو سہی کشتی ہر سمت کنارے ہیں

یہ سب ہے کرم اُنؐ کا، یہ سب ہَے عطا اُنؐ کی
دوری میں حضوری کے لمحات گزارے ہیں

للہ کرم کیجئے، للہ کرم کیجئے
سب آپؐ کی چوکھٹ پر دکھ درد ہمارے ہیں

سرکارؐ کے قدموں سے ہر گز نہ ریاضؔ اٹھنا
دنیا کے تعاقب میں ہر وقت خسارے ہیں